ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر ان کے باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر حملے کے دوران ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ سامنے آیا۔ واقعے کے بعد ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور خان نے مداحوں اور میڈیا سے افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے بیان میں کرینہ کپور نے کہاکہ یہ ہمارے خاندان کے لیے ایک نہایت دشوار دن رہا ہے اور ہم ابھی تک اس واقعے کی حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم سب کی حمایت اور ہمدردی کے قدر دان ہیں لیکن مسلسل قیاس آرائیوں اور غیر ضروری بیانات سے گریز کریں۔ اس وقت ہماری پرائیوسی کا احترام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور( جو گھر میں موجود ایک ملازم کا رشتہ دار تھا)نے داخل ہونے کے بعد سیف علی خان سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ جب اداکار نے مزاحمت کی تو ملزم نے ان پر چاقو سے چھ وار کیے جس سے وہ چھ مقامات پر زخمی ہوئے، جن میں ریڑھ کی ہڈی کے قریب ایک خطرناک زخم بھی شامل ہے۔ سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم خان نے فوری طور پر اپنے والد کو آٹو رکشے کے ذریعے لیلاوتی اسپتال پہنچایا جہاں ایمرجنسی سرجری کی مدد سے ان کی جان بچا لی گئی۔ اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر نیتن ڈانگے نے بتایا کہ چاقو جو ریڑھ کی ہڈی کے قریب پھنسا ہوا تھا کامیابی سے نکال لیا گیا ہے اور اداکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ممبئی پولیس نے بتایا کہ حملہ آور( جو کہ واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا) کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حملے میں ملوث ملازم سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ سیف علی خان کے مداحوں میں گہری تشویش کا باعث بنا ہے، جو ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ کرینہ کپور نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا خاندان جلد اس صدمے سے نکلنے میں کامیاب ہوگا۔