الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی الیکشن نہ کروانے پر تین سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی۔
الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی الیکشن نہ کروانے پر تین سیاسی جماعتوں پاکستان نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک نظام اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کر دی۔ گزشتہ روز گوشوارنے جمع نہ کروانے پر متعدد اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی تھی۔
معطل ہونے والوں میں سینیٹ کے 2، قومی اسمبلی کے 16، پنجاب اسمبلی کے 68، سندھ اسمبلی کے 15، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 33 اور بلوچستان اسمبلی کے 5 اراکین شامل ہیں۔ ای سی پی کے مطابق معطل اراکین میں میاں محمد اظہر، طارق بشیر چیمہ، اختر مینگل، محبوب سلطان، علی قاسم گیلانی، اور فرحت عباس جیسے نمایاں نام شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے 68 اراکین میں صاحبزادہ غزین عباسی اور جاوید کوثر جیسے اراکین بھی شامل ہیں۔ سندھ سے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن اور خیبر پختونخوا سے فضل الٰہی اور مینا خان کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ معطل اراکین قانون سازی یا اجلاسوں میں شرکت کے مجاز نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ مالی سال 2023-24 کے گوشوارے جمع نہیں کراتے۔ اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ اور تمام اسپیکرز کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ یہ معطلی اراکین کو اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کروانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔