فیصل واوڈا نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل رُکنے کی پیشنگوئی کردی

فیصل واوڈا نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل رُکنے کی پیشنگوئی کردی

سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل رُکنے کی پیشنگوئی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق 190ملین پائونڈ کیس میں عمران خان کو سزا کی درست پیشنگوئی کے بعد فیصل واوڈا نے ایک اور بڑا دعویٰ کر دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ عمران خان کو سزا ہوگی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کو ہائیکورٹ سے بھی مایوسی ہوگی، انہوں نے ملاقات پر بھی شادیانے بجائے تھے۔ یہ ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔ ان کی امیدوں پر پانی پھرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی مذاکرات کا پراسیس بھی رُک جائیگا۔

مزید پڑھیں: آنیوالے دنوں میں ملٹری کورٹ میں بھی عمران خان کا کیس جائیگا، صحافی جاوید چوہدری

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ 190 ملین پائونڈ معاملے سے ریاست کو 1 ٹکے کا بھی نقصان نہیں ہوا بلکہ 20 ارب روپے کا منافع حاصل ہوا ہے۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190ملین پائونڈ کیس کے فیصلے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ انتقام کا معلوم تھا۔

فیصل چوہدری نے بتایا کہ ہمیں تحریری فیصلہ مل گیا ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے فیصلے کیخلاف اپیل پہلے سے ہی تیار کر رکھی ہے، جلد اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔ مخصوص لوگوں نے رات کو ہی فیصلے کے متعلق بتانا شروع کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ معاملے میں عمران خان کو 1 ٹکے کا فائدہ ہوا نہ ہی ریاست کو ایک ٹکے کا بھی نقصان ہوا۔ 190ملین پائونڈ پر 20ارب روپے منافع حاصل ہوا جو کہ آج بھی سپریم کورٹ کے اکائونٹ میں رقم موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ڈیل لیتے ہیں وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس سے بری ہوجاتے ہیں۔ جو لوگ ڈیل لیتے ہیں وہ بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ عمران خان کو یقین ہے کہ وہ اس کیس میں سُرخرو ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *