مشہور کار ساز کمپنی ہنڈا نے لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرانکس شو میں اپنی دو جدید الیکٹرک کاروں کے ماڈلز متعارف کروا دیے۔
یہ ماڈلز ہنڈا کی زیرو سیریزکے تحت تیار کیے گئے ہیں اور سنہ 2026 میں مارکیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ہنڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ماڈلز 90 فیصد تک تیار ہونے پر ان ابتدائی تصورات سے مماثلت رکھتے ہوں گے۔ زیرو سیریز میں متعارف ہونے والی پہلی کار ایک ایس یو وی ہے جس کے اگلے حصے کا ڈیزائن روایتی ہے، لیکن اس کے پچھلے حصے میں چھوٹے شیشے، اونچی باڈی اور یو شیپ لائٹس جیسی خصوصیات ہیں جو اسے دیگر ایس یو وی گاڑیوں سے ممتاز کرتی ہیں۔
دوسری گاڑی سیلون نامی ماڈل ہے، جو زیرو سیریز کی سب سے لگژری گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس کا ڈیزائن غیر روایتی اور بولڈ ہے، جس میں ہیڈلائٹس اور باڈی پینلز کا رنگ ایک ہی ہےاور پچھلی لائٹس تھری ڈی ہیں۔ اس گاڑی میں پچھلے دروازے میں شیشے نہیں ہیں اور اس کی جگہ کیمرے نصب ہیں جو پیچھے دیکھنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
ہنڈا نے ان گاڑیوں کی تکنیکی تفصیلات ابھی تک ظاہر نہیں کی ہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں ایک چارج پر 482 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہیں۔ ان گاڑیوں کا سٹیئرنگ وہیل بھی روایتی مکینیکل طریقے سے نہیں، بلکہ الیکٹرانک طریقے سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ، ہنڈا نے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم آسیمو او ایس کا بھی اعلان کیا ہے، جو کار کے ڈرائیور کے مزاج اور عادات کو سمجھ کر کار کے ماحول اور فیچرز کو اس کے مطابق ترتیب دیتا ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے اور یہ ڈرائیور سے بات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ہنڈا کی زیرو سیریز کی گاڑیاں خودکار گاڑیوں کے لیول تھری پر مبنی ہوں گی، جس کا مطلب ہے کہ کچھ سڑکوں پر ڈرائیور کار کا سٹیئرنگ چھوڑ کر گاڑی کو خود چلنے دے سکتا ہے۔ ہنڈا کا کہنا ہے کہ 2030 تک زیرو سیریز کے سات ماڈلز مارکیٹ میں متعارف کرائے جائیں گے، جن میں سے پہلے دو ماڈلز امریکا کی ریاست اوہائیو میں تیار کیے جائیں گے اور پھر دنیا کے دیگر ممالک میں برآمد کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ہنڈا نے سونی کے ساتھ مل کر ایک اور الیکٹرک کار افیلاتیار کی ہے، جو اگلے برس سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گی اور اس کی تعارفی قیمت 90 ہزار ڈالرز رکھی گئی ہے۔