چیئرمین اقتصادی امور ڈویژن کمیٹی برائے سینیٹ نے کہا کہ بیوروکریسی ہمیں گھمانے کی کوشش کرتی ہے، ہم کوئی جاہل نہیں ہیں۔
سینیٹ میں اقتصادی امور ڈویژن کمیٹی اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کوریا ہمارا بھائی ہے، وہ قرض دیتا ہےلیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ اپنی کمپنیوں کو فل ریٹ پر ہائر کرے، ہماری کمیٹی کا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ کوریا کو بتایا جائے کہ اس طرح کے معاہدے ہمارے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ میں اس کمیٹی سے جا رہا ہوں، یہاں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے نے ٹول پلازوں کے ریٹ 6 ماہ میں 3 بار بڑھا دیے ہیں۔
اس موقع پرنیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں ٹول ریٹ بڑھائے گئے تھے اور ہر تین سال میں ان میں اضافہ ضروری ہوتا ہے جبکہ 2021 میں ریٹ نہیں بڑھائے گئے تھے، اس لیے اب انہیں بڑھایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ٹول ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کیا جانا تھا لیکن اسےمرحلہ واربڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 سال بعد ٹول ریٹ بڑھائے گئے ہیں، اس لیے اب یہ زیادہ لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوتھی بار بھی ٹول ریٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔