کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں عالمی معیار کی جدید میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ کے مطابق یہ منصوبہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد سندھ کی تاریخ، ثقافت اور ورثے کو جدید میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلاناہے۔ اس ادارے کے قیام سے میڈیا کی تعلیم، تحقیق اور جدت کو فروغ ملے گا جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ یونیورسٹی نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی طلباء کے لیے بھی ایک معیاری تعلیمی مرکز بنے گی جو سندھ کے ثقافتی ورثے کو ایک نئی پہچان دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مزید یہ کہ میڈیا یونیورسٹی عوامی و نجی شراکت داری کے تحت قائم کی جائے گی جو سندھ کے عوام کے لیے ترقی، تخلیق اور ثقافتی فخر کا نیا مرکز ہوگی۔