فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے مؤقف سینیٹ خزانہ کمیٹی میں دے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو قائمہ کمیٹی کو معاملے پر بریفنگ دیں گے، سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کا اجلاس 22 جنوری کو ہوگا، جس میں معاملہ زیر بحث آئے گا، چیئر مین خزانہ کمیٹی نے گاڑیوں کی خریداری کے حوالے سے نوٹس لے رکھا ہے۔
سینیٹ خزانہ کمیٹی نے گاڑیوں کی خریداری پر مکمل تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ کمیٹی کے پاس فیصلہ واپس لینے کی ہدایات کا اختیار بھی ہے، کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ کے بعد حتمی فیصلہ ہو سکے گا۔
ایف بی آر کی جانب سے 6 ارب مالیت کی 1010 گاڑیاں آرڈر کی گئیں ہیں۔ 75 گاڑیاں جنوری میں، 200 فروری اور 225 مارچ میں ڈیلیور ہونگی۔250 گاڑیاں اپریل اور 260 گاڑیاں مئی میں ڈیلیور ہونگی۔ گاڑیوں کی خریداری ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے، ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گاڑیاں فیلڈ افسران کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے استعمال ہوں گی۔