مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ، 18 افراد ہلاک

واشنگٹن میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں امریکی ایئر لائن کا مسافر طیارہ فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق، پی ایس اے ایئر لائنز کا بمبارڈیئر سی آر جے 700 جیٹ طیارہ، جو کنساس کے شہر ویچیٹا سے روانہ ہوا تھا، رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب سکورسکی ایچ-60 ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا اور دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔

حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی، جبکہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ مقامی حکام کے مطابق، پوٹومیک ندی سے کئی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق، حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کے لیے رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا۔ ڈی سی کے میئر موریئل بوسر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے اہلخانہ سے تعزیت کی، جبکہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف فائر فائٹرز کے صدر ایڈورڈ کیلی نے بتایا کہ دریا میں بچاؤ کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ حکام نے عوام سے غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *