اسلام آباد: سابق وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان دروازے کے باہر کھڑے ہیں اور جب بھی انہیں کوئی آفر ملے گی، وہ انکار نہیں کریں گے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ابھی تک کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی، لیکن اگر ایسی کوئی آفر ہوئی تو وہ ایک منٹ میں اسے قبول کر لیں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈے میں پی ٹی آئی کو کوئی نہیں ہرا سکتا، کیونکہ اس کی سیاست پروپیگنڈے سے شروع ہوتی اور اسی پر ختم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اب ٹوٹ کر ختم ہورہی ہے اور خیبرپختونخوا کے حکومت میں پی ٹی آئی کے ارکان میں شدید اختلافات ہیں، حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کے خلاف زیادہ تر ارکان اسمبلی ایک پیج پر ہیں۔
فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ اگر نواز شریف نے (ن) لیگ میں شمولیت کی دعوت دی تو وہ اس سے معذرت کریں گے کیونکہ ابھی کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوا تو یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہوگی۔