پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ریلیف فراہم کردیا

پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے مقدمات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اہم فیصلے سناتے ہوئے متعدد ارکان کو ریلیف فراہم کیا۔ کیس کی سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کی سربراہی میں ہوئی۔

درخواست گزاروں میں اسد قیصر، شہرام ترکئی، شہریار آفریدی، داوڑ کنڈی اور صوبائی وزرا فیصل ترکئی و آفتاب عالم شامل تھے۔ عدالت نے اسد قیصر، فیصل ترکئی، اور شہریار آفریدی کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے متعلقہ مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسد قیصر کے خلاف صرف ایک ایف آئی آر موجود ہے جبکہ شہرام ترکئی اور دیگر درخواست گزاروں کے مقدمات کی رپورٹ ابھی جمع نہیں کی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ 24 نومبر کے بعد درج ہونے والے مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ جسٹس سید ارشد علی نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انٹی کرپشن سے رپورٹ طلب کرنے میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے۔

نیب کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ فیصل ترکئی کے خلاف کوئی انکوائری زیر التوا نہیں ہے جبکہ اسلام آباد میں ان کے خلاف صرف ایک مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے تمام درخواست گزاروں کے مقدمات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

editor

Related Articles