عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے ایک خوش آئند فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی مقررہ وقت سے پہلے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد عید سے قبل شہریوں کو مالی سہولت فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کو آسان بنانا ہے تاکہ وہ تہوار کی خوشیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مئی کی تنخواہیں اور پنشن 21 مئی کو ادا کی جائیں گی، اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگی کے عمل کو فوری اور یقینی بنایا جائے۔
حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر پیشگی ادائیگی کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو کسی قسم کی مالی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید برآں، اسٹیٹ بینک اور تمام کمرشل بینکس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ادائیگیوں کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دیں، اس اقدام سے نہ صرف سرکاری ملازمین بلکہ پنشنرز کو بھی بروقت مالی وسائل میسر آئیں گے، جو عید کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے اقدامات عوامی ریلیف کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے، حکومت کا یہ فیصلہ یقینی طور پر لاکھوں خاندانوں کے لیے آسانی پیدا کرے گا اور عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دے گا۔