عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ اقدام عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ عید کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پی ایچ اے حکام کے مطابق باغات اور پارکس میں نصب مستقل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اس کے تحت ہر جھولے کا حفاظتی معیار پر پورا اترنا ضروری ہوگا، اور صرف وہی جھولے عوام کے لیے کھولے جائیں گے جو مقررہ اصولوں پر مکمل طور پر پورا اتریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی ایجنسیاں محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی، اقدامات شہریوں خصوصاً بچوں کی حفاظت کے لیے نہایت اہم ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے ایام میں پی ایچ اے کے اہلکار خصوصی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، پارکس میں صفائی ستھرائی، شہری سہولتوں کی فراہمی اور مجموعی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ پارکس میں آنے والے شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ عید کی خوشیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔
اس کے علاوہ، پی ایچ اے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مسلسل رابطے کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس ہم آہنگی کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ عید کے موقع پر امن و امان اور تحفظ کی صورتحال برقرار رہے۔