بجلی کمپنیوں نے صارفین کے سکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
بجلی بلوں سے پریشان صارفین پرایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاریاں جاری ہیں، بجلی کمپنیو ں نے صارفین کے سکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بجلی کمپنیوں نے نیپرا میں اضافے کے لئے درخواستیں دائر کردی ہیں، کمپنیوں کی جانب سے گھریلو، کمرشل انڈسٹریل زرعی صارفین کے لئے سکیورٹی ڈیپازٹ میں اضافہ مانگا گیا ہے۔
یہ درخواستیں پیسکو، میپکو، گیپکو، لیسکو، فیسکو، حیسکو، کیسکو اور ٹیسکو نے دائر کی ہیں، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام کیٹیگریز کیلئے بجلی کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے اور موجودہ سکیورٹی ڈیپازٹ ڈسکوز کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ناکافی ہیں۔ نیپرا اس معاملے پر 11فروری کو سماعت کرے گا۔