میں پاکستان مذاکرت کیلئے نہیں سرمایہ کاری کیلئے آیا ہوں، امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ کی گفتگو

میں پاکستان مذاکرت کیلئے نہیں سرمایہ کاری کیلئے آیا ہوں، امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ کی گفتگو

امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے اسلام آباد میں صحافیوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں سرمایہ کاری کیلئے آیا ہوں، مذاکرات کیلئے نہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سرمایہ کار اور ٹرمپ فیملی کے انتہائی قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ نے اسلام آباد میں صحافیوں کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر مبنی ہیں۔ پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

جینٹری بیچ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت اور امریکی نئی قیادت دونوں ہم آہنگ ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کی موجودہ قیادت کا احترام کرتے ہیں۔ ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی۔ امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آیا ہے۔ ہم پاکستان میں رہائشی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن کا دور شروع ہوچکا ہے۔ یہ وقت پاکستان کیساتھ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے کی گئی غلطیاں درست کرنے کا وقت آگیا ہے۔ امریکا پاکستان کی قدر کرتا ہے۔ ٹرمپ ایک کاروباری شخص ہیں، دونوں ممالک کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ آئندہ ماہ ماہرین کی ٹیم کیساتھ پاکستان کا دورہ کروں گا۔ امریکی صدر ٹرمپ دنیا میں امن اور ترقی چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رچرڈ گرنیل زبردست امریکی شہری ہیں۔ میرا خیال ہے کہ انہیں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے حالات کے متعلق گمراہ کیا گیا ہے۔ رچرڈ گرنیل نے جو کچھ کہا وہ ان کی اپنی انڈرسٹینڈنگ ہے، امریکی حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو پارٹی عہدے سے کیوں ہٹایا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

اس موقع پروزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ملک کے منفرد منظر نامے کا ذکر کیا۔

جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا ظاہر کی ۔ انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مستقبل میں ملک کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *