پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے مابین گزشتہ دنوں ہونیوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے پارٹی صدارت کا عہدہ اس لیے واپس لیا تاکہ ان پر کام کا بوجھ کم ہو سکے اور وہ خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس پر توجہ دے سکیں۔ عمران خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے انہیں تمام اختیارات حاصل ہیں۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے گنڈاپور کو صوبے میں بیڈ گورننس اور کرپشن کی شکایات کا تذکرہ کیا، جس پر گنڈاپور نے وضاحت دی کہ پوسٹنگ اور ٹرانسفرز میں ان کا کوئی کردار نہیں، بلکہ یہ عمل اراکین اسمبلی کے ذریعے ہوتا ہے اور انہیں اس حوالے سے شکایات ملتی ہیں۔
عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں کرپشن اور گورننس کی شکایات کا فوری طور پر خاتمہ کریں۔ ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور نے معاون خصوصی اینٹی کرپشن سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کریں اور جو بھی ملوث ہو، اسے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔