اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ جناح ایونیو انٹرچینج فلائی اوور اور ایف ٹین راؤنڈ آباؤٹ پراجیکٹس کا دورہ کیا اور منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
وزیرداخلہ نے دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار بڑھانے کی ہدایت دی اور کہا کہ دونوں پراجیکٹس کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی، جبکہ آمدورفت میں سہولت فراہم ہو گی۔
محسن نقوی نے جناح ایونیو انٹرچینج فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 42 دن کے اندر انڈر پاس کی تکمیل کے بعد فلائی اوور پراجیکٹ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا اور فروری کے دوسرے ہفتے تک اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ نے منصوبے کے اطراف شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے کاموں کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کےمطابق وزیرداخلہ نے ایف ٹین راؤنڈ آباؤٹ توسیعی پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے فروری کے پہلے ہفتے تک کا ٹاسک دیا۔ انہوں نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور پر سفر سے شہریوں کو وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی اور یہ منصوبے شہریوں کے لیے ایک بڑا فائدہ ثابت ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، نیسپاک کے متعلقہ حکام اور دیگر اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔