حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد عوام کو سفری اخراجات میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل پٹرول 373 روپے 78 پیسے فی لٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے 31 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 378 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 311 روپے 47 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہو جائے گا، جس کے بعد ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل نئی قیمتوں پر دستیاب ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے روزمرہ اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری آنے کی امید ہے۔