صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج پوری دنیا سے “شکریہ پاکستان” اور “تشکر پاکستان” کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری نے قیامِ امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو تسلیم کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں ، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خود کو امن کے حقیقی داعی کے طور پر منوایا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر ہر اہم فورم پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں خطے میں امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ عالمی قیادت، بشمول امریکی صدر، پاکستان کی قیادت کی انتظامی اور دفاعی صلاحیتوں کی معترف ہے۔
انہوں نے ان عناصر کو تنقید کا نشانہ بنایا جو پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا دیکھنا چاہتے تھے انہوں نے کہا کہ ایسے حلقوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے اپنا کھویا ہوا عالمی مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ان سفارتی کامیابیوں کے اثرات سرحد پار بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں بعض حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔