بجلی مہنگی کی جائے، نیپرا میں درخواست دائر

بجلی مہنگی کی جائے، نیپرا میں درخواست دائر

وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ لادنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 26 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں دائر کر دی گئی ہے۔

یہ درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث بجلی کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عوام کیلیے برُی خبر، بجلی مہنگی ہو گئی

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس درخواست پر باقاعدہ سماعت 28 اپریل 2026 کو مقرر کی گئی ہے، جس کے دوران اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لے کر اضافے کی منظوری یا تردید کا فیصلہ کرے گی۔

اگر نیپرا نے اس اضافے کی منظوری دے دی تو اس کا براہِ راست بوجھ صارفین پر مئی کے مہینے کے بجلی بلوں میں پڑے گا۔ واضح رہے کہ یہ وصولیاں مارچ کے مہینے میں استعمال کی گئی بجلی کے یونٹس پر کی جائیں گی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل فیول ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے عام صارفین کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔

پاکستان میں بجلی کی قیمتوں کا تعین عام طور پر 2 بنیادوں پر ہوتا ہے، ایک بنیادی ٹیرف اور دوسرا ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چونکہ پاکستان کا بجلی پیدا کرنے والا ایک بڑا حصہ درآمدی ایندھن (ایل این جی، کوئلہ اور تیل) پر منحصر ہے، اس لیے عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر براہِ راست صارفین کے بلوں پر پڑتا ہے۔

حالیہ مہینوں میں پاور ڈویژن کی جانب سے ایل این جی کے کارگوز کی فوری طلب اور فرنس آئل کے استعمال کی رپورٹس نے پہلے ہی بجلی مہنگی ہونے کے خدشات پیدا کر رکھے تھے۔ یہ درخواست اسی مالیاتی بوجھ کو صارفین تک منتقل کرنے کی ایک کڑی ہے، جس سے صنعتی اور گھریلو دونوں طبقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *