بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں پاکستانی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید ہوگئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ کردی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے، مگر پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کی یہ کوشش ناکام ہو گئی۔ اس ناکامی سے مایوس ہو کر افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنایا۔
پاک فوج نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان کی پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔
باجوڑ میں سرحد پار سے جارحیت افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ کردی ہیں۔
باجوڑ کے مکینوں نے افغان طالبان کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔