ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی طلب تقریباً 20 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 14 ہزار 274 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے، جس کے نتیجے میں طلب اور رسد کا فرق بڑھ کر 5 ہزار 726 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
وزارتِ توانائی کے ذرائع کے مطابق بجلی کی موجودہ پیداوار میں ہائیڈرو پاور کا حصہ 1530 میگاواٹ، تھرمل پاور پلانٹس کا حصہ 7814 میگاواٹ، سولر منصوبوں سے 450 میگاواٹ جبکہ ونڈ انرجی منصوبوں سے 1490 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے بڑی خوشخبری،مشرق وسطی کے بہتر ہوتے حالات سے تیل کی قیمتیں مستحکم
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنس آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت نے اس سے بجلی کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ کیا تھا تاکہ مہنگی بجلی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ تاہم اس فیصلے کے بعد مجموعی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی جس کے باعث شارٹ فال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
توانائی حکام کے مطابق موجودہ صورتحال میں لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافے کا امکان ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں طلب زیادہ اور سپلائی کم ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نظام کو متوازن رکھنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور جاری ہے۔

