اڈیالہ سینٹرل جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق اہم خبر آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر حالیہ ہفتوں میں 130/80 تک رہنے لگا ہے جبکہ ان کی ہارٹ بیٹ بھی 50 سے اوپر نوٹ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ وہ کچھ ہفتوں سے بے چینی کا شکار ہیں حالانکہ ان کی خوش خوراکی میں کمی نہیں آئی۔
مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو 5 اگست 2023 کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قید کیا گیا تھااور بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر 27 ستمبر 2023 کو انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
جیل میں آنے کے ابتدائی دنوں میں ان کا بلڈ پریشر 110/120 اور 70/80 جبکہ ہارٹ بیٹ 43 سے 45 تک تھی، جو کہ آئیڈیل سطح پر تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کچھ ہفتوں میں ان کی صحت میں تبدیلی آئی ہے اور وہ ٹینائٹس (کانوں میں سنسناہٹ) کا شکار بھی ہیں، جس کا علاج وہ اپنے ذاتی معالج کی تجویز کردہ ادویات سے کر رہے ہیں۔
تاہم ان کی خوش خوراکی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ گزشتہ روز انہوں نے ناشتے میں انار کا جوس، 2 ابلے ہوئے انڈے، پورج، دہی اور کافی لی جبکہ دوپہر کے کھانے میں دیسی گھی میں تیار کیا گیا مٹن کھایا۔ عمران خان جیل میں باقاعدہ ایکسرسائز بھی کر رہے ہیں اور انہیں 16 ٹی وی چینلز اور 2 اخبارات کی سہولت بھی میسر ہے۔ دن میں تین مرتبہ ان کا طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔