افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں بینک کی عمارت کے باہر خودکش دھماکہ کے نتیجے میں مقامی طالبان سیکیورٹی کمانڈر سمیت 25 افغان شہری جاں بحق اور 30 دیگر زخمی ہوگئے تاہم طالبان نے5 شہریوں کے جاں بحق اور 7دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کرلی ہے۔
افغان میڈیا اورآزاد ذرائع کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں قندوز کے سیکیورٹی کمانڈرزکریا سمیت طالبان شامل تھے ۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح قندوز شہر میں واقع کابل بینک کی برانچ کے باہر ہونے والا دھماکہ ایک خودکش بم دھماکہ تھا جس میںعام شہری اور طالبان کے ارکان سمیت پانچ افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے تاہم آزاد ذرائع کے مطابق دھماکہ میں 25 افغان شہری جاں بحق اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے اس وقت ہوا جب طالبان بینک سے تنخواہ وصول کرنے کے لئے بینک کے باہرجمع تھے۔
دھماکہ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے جائے واقوعہ کو گھیرے میں لے کر جاں بحق اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔ کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔قندوز میں طالبان کے سیکورٹی ہیڈ کوارٹر کے ترجمان جمعہ الدین خاکسار نے بم دھماکہ کوخودکش قراردیتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ کے نتیجے میں طالبان جنگجوؤں اور عام شہریوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔
ادھر مغربی صوبہ فراہ کے شیخ ابونصر فراہی بندر گاہ سے ملحقہ علاقے میں ایک پرانی بارودی سرنگ پھٹنے سے تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔فراہ صوبے کی وزارت اطلاعات و ثقافت کا کہنا ہے کہ دھماکہ کل دوپہر اس وقت ہوا جب سیاحوں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔