ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی شبِ عاشورہ کے موقع پر مجلسِ عزا میں شرکت اور ماتم داری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے لاکھوں افراد دیکھ اور شیئر کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر نے ارومیہ میں واقع حضرت علی بن موسیٰ الرضاؑ مسجد میں منعقدہ شبِ عاشورہ کی مجلسِ عزا میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر عزاداروں کے ہمراہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وائرل ویڈیو میں صدر مسعود پزشکیان سیاہ لباس میں مجلس کے دوران نوحہ خوانی اور ذکرِ مصائب سنتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعد ازاں وہ دیگر عزاداروں کے ساتھ ماتم بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کی سادہ انداز میں عزاداری کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہوئی ہے۔
شبِ عاشورہ کے موقع پر مسجد میں بڑی تعداد میں علماء، مقامی حکام، عوام اور عزادار شریک ہوئے جہاں حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی حق و انصاف صبر اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
ایران میں ہر سال محرم الحرام بالخصوص تاسوعا اور عاشورہ کے ایام میں ملک بھر میں مجالسِ عزا جلوس اور مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شرکت کرتی ہیں۔ ایرانی صدر کی اس سال کی مجلسِ عزا میں شرکت کو بھی اسی مذہبی روایت کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صدر مسعود پزشکیان کی ماتم داری کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں جبکہ ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا اور شیئر کیا جا چکا ہے۔ ایران کے سرکاری اور مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی صدر کی شبِ عاشورہ کی مجلس میں شرکت کو نمایاں انداز میں نشر کیا ہے