انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا پہلا میچ کراچی میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہے، اپ گریڈیشن کے بعد تینوں اہم سٹیڈیمز کی حالت بدل چکی ہے، اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہو گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہونگے ، میچ دوپہر 2 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق صدر آصف علی زرداری افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
تقریب میں پاکستان ایئر فورس شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کرے گی۔
جہاں میچ میں شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، وہیں اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے کچھ اہم پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انتظامیہ نے شائقین کے لیے حفاظتی تدابیر کے تحت مخصوص اشیاء لے جانے پر پابندی لگائی ہے۔
ان ایس او پیز کے مطابق شائقین کو پاور بینک، ایئرپوڈز، گٹکا، چھالیہ، کھانے پینے کی اشیاء یا پانی کی بوتلیں اسٹیڈیم میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ، سکیورٹی چیک کے دوران شائقین کو اصل شناختی کارڈ اور ٹکٹ کی ہارڈ کاپی دکھانی ہوگی، کیونکہ آن لائن ٹکٹ یا اس کی سافٹ کاپی دکھانے پر داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت قذافی سٹیڈیم میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم سے توقعات رکھنی چاہئیں، ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، جو کمی ہے وہ بھی دور ہو جائے گی۔
نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم نے کہا کہ پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں اچھا مقابلہ ہوگا۔