امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی خبروں کے بعد عالمی مالیاتی اور توانائی منڈیوں میں نمایاں ردعمل دیکھنے کو ملا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گر گئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھنے کو ملا۔ یورپی اور ایشیائی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اپنایا، تاہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھنے کو ملی۔ ہنڈریڈ انڈیکس 5,043 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 635 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایشیا میں، کورین کاسپی تقریباً 3 فیصد، جاپان کا نکئی 2.4 فیصد، جبکہ ہانگ کانگ ہینگ سینگ 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت زون میں رہا۔ اس کے برعکس بھارتی شیئر بازاروں میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ یورپی مارکیٹس میں بھی جرمن ڈیکس اور فرانس سی اے سی میں ایک فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آباد میں ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آسکتے ہیں۔
پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور اس ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے، جس سے عالمی منڈیوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔