ملک بھر میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا، بدھ کے روز پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
پنجاب کے شہروں ڈیرہ غازی خان، ملتان، راجن پور، وہاڑی، میلسی، احمد پور شرقیہ، کوٹ ادو، جلال پور پیروالا، لودھراں اور دنیاپور میں ہلکی سے تیز بارش ہوئی، جس سے خشک سالی کے اثرات کم ہوگئے۔ لاہور میں بادل چھائے رہے اور ہلکی ٹھنڈی ہوا نے موسم کو پرلطف بنایا، تاہم شہری اب بھی بارش کے منتظر ہیں۔
بلوچستان کے علاقوں قلات، ڈھاڈھر، صحبت پور، چمن، دکی، سبی، کوہلو، کچھی، قلعہ عبداللہ، جھل مگسی، سنجاوی، مستونگ اور نصیرآباد میں بارش ہوئی جبکہ زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں ہلکی برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا۔
سندھ کے شہروں گھوٹکی، کشمور، ٹھل اور کندھ کوٹ میں ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنایا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے خشک سالی کے اثرات مزید کم ہونے کی توقع ہے۔