رمضان المبارک میں چاروں صوبوں میں سبسڈائز چینی کی فروخت کا فارمولا طے پاگیا۔
سیکرٹری فوڈ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چینی کی سبسڈی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری فوڈ نے ملز کو سبسڈائز چینی کا مراسلہ نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ میٹنگ منٹس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران چینی پر 20 روپے فی کلو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت چاروں صوبوں میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو رکھی جائے گی۔
رمضان کے دوران چینی سستے داموں پر بازاروں میں دستیاب ہوگی جبکہ سبسڈائز چینی چھوٹے اور بڑے اسٹورز کے ساتھ ساتھ ڈی سی کاؤنٹرز پر بھی فراہم کی جائے گی۔ رمضان المبارک میں ایک کلو اور دو کلو کے چینی کے بیگز فروخت کیے جائیں گےاور ہر شہری اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 5 کلو چینی خرید سکے گا۔
چاروں صوبوں میں چینی کی تقسیم کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ کمشنرز کو سونپی گئی ہے۔ سبسڈائز چینی کی فروخت رمضان المبارک سے 3 روز قبل شروع ہوگی اور 27 رمضان تک جاری رہے گی۔