انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن نے ایک دہائی تک ہر سال پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ نےکہا ہے کہ ان کا ادارہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر میں فنڈنگ فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ آئی ایف سی آئندہ دس سالوں تک پاکستان میں سالانہ 2ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب اور ملکی صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
پاکستا ن کے پہلے دورے کے بعد مختار ڈیوپ نے کہا کہ اب سے لے کر اکتوبر تک کچھ منصوبوں میں پیشرفت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے 2ارب ڈالر سالانہ سرمایہ کاری کوئی بہت بڑی چیز نہیں کیونکہ پاکستان کو انٹرنیشنل ائیرپورٹس ، توانائی، پانی ، بندرگاہوں سمیت انفراسٹرکچر کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے زراعت ، مالیاتی سیکٹر اور ڈیجیٹل سیکٹر بھی اہم شعبے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع ہیں۔ مختار ڈیوپ نے مزید کہا کہ قرضوں کا اجرا آئی ایف سی کے کام کا اہم حصہ ضرور ہے مگر ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں شراکت دار ی کی بنیاد پر سرمایہ کاری چاہتے ہیں کیونکہ شراکت داری طویل المدت ہوسکتی ہے۔