وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے دورہ برطانیہ کو تحریک انصاف نے متنازعہ بنانے کی کوشش کی تاہم باشعور اوورسیز نے انہیں مسترد کر دیا۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان میں ترسیلا ت زر بھجوا رہے ہیں۔ یہ ان کی پاکستان سے محبت اور لگائو ہے جہاں اوورسیز پاکستانی ملک میں ترسیلات زر بھجوا رہے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ میں اضافہ کر رہے ہیں اور بطور ذمہ دار شہری اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ویسے ہی بہت چھوٹا سا شرپسند ٹولہ ہے جوپاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع جانے نہیں دیتا، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان میں انتشار پھیلایا، اس ٹولہ نے ملک میں نفرتیں پھیلائیں، اسی ٹولے نے دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور جناح ہائوس کو آگ لگائی، یہ بھی نہیں دیکھا کہ یہ قائداعظم کا گھر رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسی ٹولے نے شہدا کی یادگاروں کو بھی مسمار کیا، شہدا کیساتھ تو کسی کی کوئی دشمنی ہونہیں سکتی۔ ایسے لوگ جو پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر جائیں،جو اپنے پیاروں کو چھوڑ کر اس وطن کی خاطر شہید ہوجائیں۔ انہوں نے ان کی بھی بے حرمتی کی اور ان کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان لوگوں سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سےبھجوائی جانیوالی ترسیلات زر ان سے دیکھی نہیں جاتیں اور اب اسی انتشاری ٹولے نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے برطانیہ میں رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں پرتپاک استقبال کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیااور رائل آرمی کے بینڈ نے پاکستان کا قومی ترانہ بجایااور یہ سب اس انتشاری ٹولے سے دیکھا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ رائل ملٹری پاکستانی فوجی افسران کی بہت قدر کرتی ہے کیونکہ پاکستانی فوج انتہائی پروفیشنل آرمی ہے اور ہمارے جوان وہاں بڑے ایوارڈز جیتتے ہیں۔ انتشاری ٹولے کو یہ سب کچھ ہضم نہیں ہوتا، انہیں نہ پاکستان کی ترقی ہضم ہوتی ہے اور نہ ہی پاکستان کو ملنے والی عزت انہیں ہضم ہوتی ہے۔ یہ مٹھی بھر لوگ ہیں جو سوشل سیکیورٹی کے نام پر کھاتے ہیں اور ان کا صرف ایک ہی کام ہے کہ پاکستان کیخلاف کیسے زہر اُگلا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پڑھے لکھے اور باشعور اوورسیز پاکستانیوں نے ان کی ہر مہم کو مسترد کیا ہے۔ تحریک انتشار کے بانی کی جانب سے دی گئی ترسیلات زر کو روکنے کی کال بھی مسترد کی گئی ہے اور پہلے سے زیادہ ترسیلات پاکستان بھجوائی جارہی ہیں۔ یہ ان اوورسیز کا پاکستان پر اعتماد ہے اورانتشاری ٹولے کی ہار ہے۔