وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا پلان سامنے آگیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈی ریگولیشن پلان پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ ایسوسی ایشن نے قیمتوں سے متعلق معاملہ پر وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کو خط لکھ دیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا کہ بغیر مشاورت ڈی ریگولیشن بارے کوئی فیصلہ بھی مسترد کیا جائے گا، وزیر پیٹرولیم معاملہ پر ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت کریں۔
خط میں کہا گیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے ملک بھر 15 ہزار سے زائد پیٹرول پمپس ہیں۔ڈیلرز نے سیکٹر میں کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، بطور مارکیٹ اسٹیک ہولڈرز بغیر مشاورت کوئی فیصلہ قبول نہیں ہوگا۔
خط میں مزید کہا کہ ڈی ریگولیشن معاملے پر پہلے بھی بات چیت کےذریعے فیصلے کا طے ہوا تھا۔ گزشتہ بار ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ نہ کرنے کا طے ہواتھا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ملک میں ایرانی تیل کی سمگلنگ اور فروخت کو روکنے کی ضرورت ہے۔
پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے حکومت سے فیصلے پر نظرثانی اور بات چیت کیلئے مثبت ردعمل کی امید ظاہر کی۔