پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان1971 کے بعد پہلی مرتبہ براہ راست تجارت کا آغاز کر دیا، چاول کی کھیپ لے جانے والا پہلا حکومتی منظور شدہ کارگو آج پورٹ قاسم سے روانہ ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش نے 1971 کی علیحدگی کے بعد پہلی بار سرکاری سطح پر براہ راست تجارت کا دوبارہ آغاز کیا ہے، پہلی بار حکومت کی جانب سے منظور شدہ کارگو پورٹ قاسم سے روانہ ہوا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات میں یہ ایک اہم تاریخی پیش رفت ہے کیونکہ بنگلہ دیش نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے پہلی بار 50 ہزار ٹن پاکستانی چاول خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ معاہدے کو فروری کے اوائل میں حتمی شکل دی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چاول کی کھیپ 2 مرحلوں میں فراہم کی جائے گی، جس میں 25,000 ٹن کی پہلی کھیپ اتوار کو بنگلہ دیش جا رہی ہے۔
دوسری کھیپ مارچ کے اوائل میں روانہ ہونے والی ہے۔ توقع ہے کہ اس تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور براہ راست جہاز رانی کے راستوں میں آسانی ہوگی۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا بحری جہاز پہلی بار بنگلہ دیش کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا جو بحری تجارتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس پیش رفت کو اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دہائیوں سے غیر فعال تجارتی چینلز کو دوبارہ کھولنے میں ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔