وفاقی دارالحکومت میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث شہریوں کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق اسلام آباد میں برائلر مرغی کا گوشت 580 روپے سے 620 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے جو حالیہ ہفتوں کے مقابلے میں بلند سطح پر برقرار ہے۔ اسی طرح فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ایک درجن انڈے 230 سے 250 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں
دیسی انڈوں کے نرخ بھی بلند ہیں اور مختلف مارکیٹوں میں ایک درجن دیسی انڈے 380 سے 420 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب لاہور اور ملک کے مختلف شہروں میں بھی مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 432 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم کئی علاقوں میں یہ 470 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 217 روپے فی درجن ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 225 سے 235 روپے فی درجن وصول کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جس سے عام صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔