ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایک بار پھر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور ماہرین و تجزیہ کاروں نےآنے والے جمعہ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے عوام کو ایک بار پھر ریلیف ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا ایران معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کا براہ راست اثر پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے،اسی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ جمعہ کو بھی پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کی گئی تھی اور فی لیٹر قیمت میں74 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں بہتری کے بعد اس بار بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں5سے10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مزید کمی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا ایران معاہدے کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی اور توانائی سپلائی چین میں بہتری کے اثرات عالمی منڈی پر پڑ رہے ہیں، جس کے باعث تیل کی قیمتیں نیچے آ رہی ہیں۔
پاکستان میں حکومت عام طور پر عالمی منڈی کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتی ہے، اسی لیے اس بار بھی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل ہونے کی توقع ہے۔
عوامی حلقوں میں اس ممکنہ کمی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی براہ راست ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش اور مجموعی لاگتِ زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہوتی رہیں تو آئندہ قیمتوں کے تعین میں عوام کو مزید ریلیف مل سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت کی جانب سے جمعہ کومتوقع ہے ۔