سابق قومی کرکٹر احمد شہزاد نے انکشاف کیاہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں 6 سے 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹولہ گروپنگ میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق قومی کرکٹر احمد شہزاد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 6 سے 8 کھلاڑیوں کا ٹولہ ہے جو گروپنگ کرتا ہے، انہیں کپتانی کا نشہ ہے، یہ وہ کھلاڑی ہیں جو نوجوانوں کو آنے نہیں دیتے، یہی عوام مجھے کہتے تھے کہ آپ بابر اعظم یا اس ٹیم کے اتنے مخالف کیوں ہیں؟‘
انہوں نے کہا کہ اب تو بابر اعظم نے خود ہی کہہ دیا مجھے کنگ نہ بولو، میں بیس سال سے اس سسٹم کا حصہ ہوں کیا اپنے ملک کی برائی چاہوں گا، ایسا نہیں کرسکتا لیکن 34 سال کی عمر میں کرکٹ سے سائیڈ ہوکر بیٹھ گیا ہوں تو اس کی کوئی وجہ تھی اور وہ یہ کہ میرٹ کا قتل عام ہورہا ہے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو سائیڈ پر رکھ کر دیکھیں ڈومیسٹک میں غریب کے بچے کے ساتھ حال کیا ہورہا ہے، پروفیشنل کھلاڑی ہے لیکن اس کے پاس سفارش موجود نہیں جو لوگ بولتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پرچیاں نہیں چلتیں یہ غلط کہتے ہیں پرچیاں ہی چلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کیا حل بتائیں بتا بتا کر مر گئے ہیں، چیئرمین پی سی بی نے کہا سرجری ہوگئی کونسی سرجری ہوگئی، عماد اور عامر کو لاکر سارا ملبہ ان پر ہی ڈال دیا، آپ پہلے دو میچ برداشت نہیں کرسکے یہی سچائی ہے۔