عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے خریداروں کو بڑا ریلیف ملا ہے جبکہ سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 3 ہزار 800 روپے کی بڑی کمی کے بعد 4 لاکھ 79 ہزار 962 روپے پر آ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 257 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 11 ہزار 490 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی 100 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 914 روپے کی سطح پر آ گئی۔ قیمتی دھاتوں میں یہ کمی عالمی مارکیٹ میں گراوٹ کے باعث سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 38 ڈالر فی اونس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد عالمی قیمت 4 ہزار 576 ڈالر فی اونس پر آ گئی۔ عالمی سطح پر ڈالر کی مضبوطی، شرح سود سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری میں کمی سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کی بڑی وجوہات ہیں۔