کے پی اسمبلی سے ایٹا بل 2026 کی منظوری،امتحانی نظام میں شفافیت اور خودمختاری کا نیا دور شروع

کے پی اسمبلی سے ایٹا بل 2026 کی منظوری،امتحانی نظام میں شفافیت اور خودمختاری کا نیا دور شروع

خیبرپختونخوا اسمبلی نے کے پی ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی بل 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے کے امتحانی اور اسکریننگ نظام میں بڑی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

منظور شدہ بل کے مطابق ایٹا کو مکمل مالی اور انتظامی خود مختاری حاصل ہوگی، جس سے ادارے کو اپنے امور زیادہ مؤثر اور آزادانہ انداز میں چلانے میں مدد ملے گی، اس کے ساتھ ساتھ ایٹا کے دائرہ اختیار کو دیگر صوبوں اور وفاقی سطح تک بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی ہے، تاکہ اس کا نظام زیادہ وسیع اور مربوط بنایا جا سکے۔

بل کے مطابق بورڈ آف گورنرز کی سربراہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کریں گے، جبکہ بھرتیوں اور تعلیمی داخلوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے سخت قواعد و ضوابط بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

نئے قانون کے تحت ایٹا کو امتحانات میں نقل یا غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور سزا دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ اسی طرح ادارے کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری یا نجی مقام کو امتحانی مرکز کے طور پر استعمال کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب میں فلم انڈسٹری کے لیے بڑا قدم، فلم سٹی اتھارٹی بل منظور

بل میں یہ بھی شامل ہے کہ ایٹا کے لیے ایک انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا تاکہ ادارے کے مالی وسائل کو مضبوط بنایا جا سکے، مزید یہ کہ ایٹا پروفیشنل کالجز اور یونیورسٹیز کے داخلہ ٹیسٹ بھی منعقد کرے گی، جبکہ سرکاری اور نجی اداروں کے لیے بھرتی اور اسکریننگ ٹیسٹ لینے کا اختیار بھی اسے حاصل ہوگا۔

قانون کے مطابق ایٹا تعلیمی جانچ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گی اور طلبہ میں تحقیق، تجزیہ اور سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرے گی، ادارہ ٹیسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تربیت اور تحقیق پر بھی کام کرے گا۔

مزید یہ کہ حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے ایٹا کو اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ سکے گی، جبکہ ادارہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ معاہدے اور اشتراک بھی کر سکے گا، بل میں سالانہ آڈٹ رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے،یہ نیا قانون 2001 کے پرانے آرڈیننس کی جگہ لے گا، جسے جدید تعلیمی ضروریات کے مطابق ایک اہم اصلاح قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles