قومی ٹیم کے اوپنر نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی تردید کر دی، فخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ فخر زمان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اور فیملی کے ساتھ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، اب انہوں نے اس کی تردید کر دی ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ کی پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2017 چیمپئنز ٹرافی سے میری اچھی یادیں ہیں اور ون ڈے فارمیٹ کھیلنا پسند ہے ، بیماری سے صحت یاب ہوا تو یہ چیمپیئنزٹرافی ہی دماغ میں تھی۔
کرکٹر نے کہا کہ ڈاکٹرز نے آرام کا کہا تھا لیکن میں نے جلدی ٹریننگ کا آغاز کر دیا تھا، چیمپیئنز ٹرافی میں انجری ہوئی تو میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکا، مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ اس میچ کے بعد میری چیمپیئنزٹرافی ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر میں اوپننگ کرتا تو چیزیں مختلف ہوسکتی تھیں، ایک ہفتے میں انجری میں بہت فرق پڑا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایت ہے کہ 3 ماہ بعد ٹریننگ شروع کروں تاہم ایک ماہ کے اندر میں کرکٹ میں واپس آ جاؤں گا۔