وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا باقاعدہ اجرا کردیا، جس سے ملک بھر کے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کے تقریباً 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج 2025 کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار رمضان پیکج میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا اضافہ کیا گیا ہے، جس میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس سال مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے عوام کو ریلیف پیکج کا زیادہ فائدہ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار کے پیکج کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ مستحقین کو لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہ پڑے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ ریلیف پیکج چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستحق خاندانوں کو بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا خاتمہ کرنا ہےاور رمضان المبارک کی برکتوں سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔