محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشنگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشنگوئی کردی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور شمالی علاقوں میں شدید برفباری کی توقع ہے۔ جنوبی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: 28 فروری کو رمضان کا چاند دکھائی دینے کے کتنے امکانات ہیں؟

جمعرات کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ ساتھ رات کے وقت موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، وزیرستان، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور شدید برفباری کی توقع ہے۔

پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، نورپور تھل اور ان کے گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک، اور بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ صوبے کے دیگر جنوبی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، کوہلو، خضدار، خاران، پنجگور، چاغی، دالبندین، اور نوکنڈی میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گاجبکہ بالائی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہےجبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور شدید برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضروری معلومات کے لیے محکمے کی طرف سے جاری کردہ اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *