سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے اپنی کئی قومی بچت اسکیموں (این ایس ایس) پر منافع کی شرح یعنی شرح سود میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق 25 فروری 2025 سے نافذ العمل ہوگیاہے۔
یہ ایڈجسٹمنٹ، جو 1 بیسس پوائنٹ (بی پی ایس) سے 33 بی پی ایس تک مختلف ہوتی ہے، مختلف بچت سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس پر اثر انداز ہو گی، جس سے سرمایہ کاروں کو کم منافع ملے گا۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اہم تبدیلیوں میں بہادر سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح میں 10 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے، جس پر اب 13.68 فیصد سے کم ہوکر 13.58 فیصد منافع ملےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسی طرح پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس (پی بی اے) کی شرح بھی 10 بی پی ایس کر کے 13.58 فیصد کر دی گئی ہے۔ نیشنل ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ (ڈی ایس سی) پر منافع 12.15 فیصد سے کم کر کے 12.14 فیصد کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس میں 20 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے، جس پر اب 11 فیصد منافع ملےگا، جبکہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس (ایس ٹی ایس سی) میں 33 بی پی ایس کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس پر اب 10.81 فیصد منافع ملے گا۔ اسپیشل سیونگ اکاؤنٹ کے ریٹرن میں بھی 20 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے، اب اس سرٹیفکیٹ پر 11 فیصد منافع پیش کیا جائے گا۔
سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ اور سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ دونوں میں 16 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے اور اب ان پر منافع 9.74 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ مزید برآں شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ (ایس ایف ڈبلیو اے) میں 10 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے جس پر اب 13.58 فیصد منافع ملے گا۔
یہ اقدام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ ماہ اپنی پالیسی ریٹ کو ایک فیصد کم کرکے 12 فیصد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے شرح سود میں جون 2024 کے بعد سے مسلسل چھٹی مرتبہ شرح سود میں کمی سامنے آئی ہے۔