نادرا نے شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے والے شہریوںکو بڑی سہولت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق عوام کو قومی شناختی کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پرلاہور ریجن کے ڈائریکٹر جنرل نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 11 ڈاک خانوں میں خصوصی نادرا کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نادرا ترجمان کے مطابق یہ خصوصی کاؤنٹرز محکمہ پاکستان پوسٹ، پنجاب ریجن کے تعاون سے لاہور کینٹ، جی پی او، مانگا منڈی، شیرشاہ کالونی، شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ، قصور، نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اوکاڑہ کے ڈاک خانوں میں قائم کیے گئے ہیں۔
ان مراکز پر شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کے اجراء جیسی اہم خدمات فوری اور آسان طریقے سے فراہم کی جائیں گی۔اب شہریوں کو نادرا سینٹرز میں لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنے قریبی ڈاک خانوں سے بھی با آسانی اپنی شناختی دستاویزات کی تجدید اور ترمیم کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کا یہ اقدام عوامی سہولت اور جدید طرزِ خدمات کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ شہریوں کو اب اپنے قریبی ڈاک خانوں میں ہی نادرا کی معیاری خدمات حاصل ہوں گی، جو حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی ایک اور کوشش ہے۔