خوردنی تیل کی قیمت میں اضافے کا اسکینڈل سامنے آ گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دفتر پر چھاپہ مار کر دفتر کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔
مسابقتی کمیشن حکام کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دفتر میں آپریشن کے دوران اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے کیونکہ خوردنی تیل کے کرایوں میں ٹرانسپورٹ مافیا کے مبینہ گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔
حکام کے مطابق ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے خلاف انکوائری آخری مراحل میں ہے اب چھاپے کے دوران آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے گٹھ جوڑ کرکے کرائے مقرر کرنے اور بڑھانے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آرڈر پاس کرکے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور گٹھ جوڑ میں ملوث عناصر پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مبینہ طور پر کرائے فکس کر رکھے ہیں حالانکہ قیمتوں کو گٹھ جوڑ کے ذریعے فکس کرنا صارفین کے حقوق کے خلاف ہے۔