وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی معاشی صورت حال تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی تمام آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، پنجاب کی کارکردگی ہماری 1 فیصد کے برابر بھی نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مناظرے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا، خیبرپختونخوا واحد صوبہ جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کیا ہے۔
باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا، خیبرپختونخوا کابینہ کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے، پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو 2 لاکھ روپے دے رہے ہیں ،علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا۔
اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا حکومت کے طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے، پنجاب حکومت بھی اپنی آبادی کو یہ سہولیات فراہم کرے ۔