لاکھوں عازمین حج کا منیٰ میں قیام ، فضا لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں سے گونج اٹھی

لاکھوں عازمین حج کا منیٰ میں قیام ، فضا لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں سے گونج اٹھی

دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام کی موجودگی میں منیٰ کی فضائیں ایک بار پھر لبیک اللّٰہم لبیک کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھیں۔

مناسکِ حج کے آغاز کے ساتھ ہی عازمینِ حج عبادات، تلاوت، ذکر و اذکار اور دعاؤں میں مصروف رہے جبکہ ہر طرف عقیدت، خشوع اور روحانیت کے دلکش مناظر دیکھنے میں آئے۔

پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آئے تقریباً 20 لاکھ عازمینِ حج اس وقت خیموں کے شہر منیٰ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے یومِ ترویہ عبادات میں گزارا۔ شدید گرمی کے باعث بیشتر عازمین نے دن کا بڑا حصہ خیموں میں قیام کرتے ہوئے عبادت اور آرام میں گزارا تاہم شام ڈھلتے ہی موسم قدرے بہتر ہوا تو منیٰ کی شاہراہوں اور راستوں پر عازمین کی چہل پہل بڑھ گئی۔

  یہ بھی پڑھیں :مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ پہنچنا شروع، شدید گرمی کی پیشگوئی

پاکستانی عازمینِ حج نے بھی منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں مانگیں۔ عازمینِ حج رات گئے میدانِ عرفات روانگی کی تیاریوں میں مصروف رہے جبکہ منیٰ سے عرفات کیلئے ابتدائی قافلوں کی روانگی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق کل حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا اور تمام عازمین ظہر سے قبل میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے۔ مسجدِ نمرہ سے خطبۂ حج دیا جائے گا جبکہ عازمین ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ میدانِ عرفات میں غروبِ آفتاب تک لاکھوں مسلمان توبہ، استغفار اور دعاؤں میں مشغول رہیں گے۔

  یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں

غروبِ آفتاب کے بعد حجاجِ کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔ بعد ازاں 10 ذوالحجہ کو عازمین دوبارہ منیٰ پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی ادا کریں گے اور طوافِ زیارت سمیت دیگر مناسک مکمل کریں گے۔

editor

Related Articles