وزیراعظم کا سحر و افطار کے دوران گیس لوڈشیڈنگ کا نوٹس، صارفین کے لیے ہیلپ لائن قائم

وزیراعظم کا سحر و افطار کے دوران گیس لوڈشیڈنگ کا نوٹس، صارفین کے لیے ہیلپ لائن قائم

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ماہ رمضان میں سحری اور افطار کے دوران گیس کی فراہمی میں تعطل کے مسائل کے حل کے لیے خود مداخلت کرتے ہوئے اہم اوقات کار میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:20 ارب روپے کی سبسڈی کے ساتھ وزیر اعظم کا رمضان پیکج اعلان

پیر کو میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو رات گئے ہونے والے ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینیئر انتظامیہ سے گیس پریشر میں کمی اور سروس میں خلل کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس کے نتیجے میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس پریشر میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تاکہ مصروف ترین اوقات میں بہتر ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ مزید برآں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کے اختتام پر واقع علاقوں میں گیس کی فراہمی سحری اور افطار سے 30 سے 45 منٹ قبل شروع ہوجائے گی جس سے ان علاقوں میں پریشر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم رمضان پیکج پر عملدرآمد کی حکمت عملی تیار ، 1کروڑ 60 لاکھ افراد مستفید ہونگے

صورتحال پر مزید نظر رکھنے کے لیے سوئی سدرن نے ہیڈ آفس اور ریجنل دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ کنٹرول رومز روزانہ گیس کی فراہمی کی صورتحال کی نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کم پریشر سے متعلق شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

دریں اثنا ایس این جی پی ایل نے بھی وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کا عہد کیا اور شہریوں کو یقین دلایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی بلا تعطل برقرار رکھی جائے گی۔ کمپنی نے عوام پر زور دیا کہ وہ فوری حل کے لیے 1199 ہیلپ لائن کے ذریعے کسی بھی مسئلے کی اطلاع دیں۔ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں کو افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی میں خلل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں کے آغاز کیساتھ سوئی گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ

میڈیا رپورٹ کے کراچی میں لیاقت آباد بی ایریا، لیاقت آباد 4، فیڈرل کیپٹل ایریا اور نارتھ ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں ناظم آباد، پی آئی بی کالونی اور گلشن اقبال کے مختلف بلاکس میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔

تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ترجمان نے گیس کی بندش سے متعلق دعوؤں کی تردید کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، 95 فیصد علاقوں میں گیس کی فراہمی جاری ہےتاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ باقی 5 فیصد علاقوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک سے قبل ایس ایس جی سی نے سحر و افطار کے اوقات میں بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ماہ مقدس کے لیے گیس کی لوڈ شیڈنگ کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

شیڈول کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے سے رات 10 بجے تک اور سحری کے وقت صبح 3 بجے سے صبح 9 بجے تک گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔ تاہم صارفین کو صبح 9 بجے سے سہ پہر 3:30 بجے تک اور پھر رات 10:00 بجے سے صبح 3:00 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہنے کی شکایات موصول ہوئیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *