وفاقی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں قومی، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کریں گے، جو کابینہ اراکین کو اہم پالیسی فیصلوں اور حالیہ پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں حکومت اور ریاستی اداروں کی مؤثر حکمت عملی اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ قومی سلامتی سے متعلق اہم امور بھی زیر غور آئیں گے۔
اجلاس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع اور دونوں ممالک کے مابین ہونے والے مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، خصوصاً ان مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور سفارتی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں داخلی اور خارجی سطح پر کئی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔