امریکہ نے ایران کی چند اہم سیاسی و سکیورٹی شخصیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے بھاری انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق معلومات دینے والے کو 1 کروڑ ڈالر تک انعام دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اسے کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اور علی لاریجانی کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کیلئے خصوصی انعام رکھا گیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدام خطے میں مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب عالمی سطح پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور معاونت میں ملوث ہیں، اسی وجہ سے ان سے منسلک افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے یہ انعامی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے اچھی خبر،سعودی عرب سے دو متبادل راستوں کے ذریعے تیل کی درآمد شروع
امریکی حکام نے ایرانی انٹیلی جنس کے وزیر اسماعیل خطیب کے بارے میں معلومات دینے والوں کیلئے بھی انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ جن دیگر شخصیات کے نام امریکی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں ان میں علی اصغر حجازی، یحییٰ رحیم صفوی اور اسکندر مومنی بھی شامل ہیں۔
ادھر ایران میں یوم القدس کے موقع پر تہران سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ تہران میں ہونے والی مرکزی ریلی میں علی لاریجانی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی عوام کے درمیان موجود رہے۔
ریلی کے دوران ایرانی قیادت نے شہریوں سے ملاقاتیں کیں، میڈیا سے گفتگو کی اور عوام کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ یوم القدس کے موقع پر ایرانی عوام کی بڑی تعداد نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔
امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں امریکی میرینز کو مشرقِ وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی درخواست پر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے اور بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔
اخبار کے مطابق 5 ہزار میرینز اور نیوی اہلکاروں کے ساتھ کئی جنگی بحری جہاز تعینات کیے جائیں گے۔