پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی تحریک تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔
ہریپور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے سب سیاسی جماعتوں سے ملکر پلان بن رہا ہے، اختر مینگل اور سراج ترین پر جھوٹی ایف آئی آرز قابل مذمت ہیں، لوگوں کے دلوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی وجہ لاپتہ افراد ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں بھی مسنگ پرسنز کی بات کی تھی، وطن عزیز میں آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا، قانون کی حکمرانی کے لئے اپنی تحریک کو مزید تیز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت دن بدن خراب ہو رہی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے 4 ہزار ارب روپے کا بھاری نقصان ہوا، ملک کے مختلف اداروں میں کرپشن بڑھ گئی، 2 سال گزر چکے ہیں، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔
اس دوران مزید دو کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ۔عمر ایوب نے کہا کہ دو سالوں میں 20 لاکھ لوگ پاکستان چھوڑ گئے، 20 لاکھ لوگوں کے ہجرت کرنے سے 27 ارب ڈالرکیش ملک سے چلا گیا، مسلط شدہ حکومت آئی ایم ایف سے محض ڈیڑھ ارب ڈالر مانگ رہی ہے۔
حکومت ہر جگہ ناکام نظر آ رہی ہے، خیبرپختونخوا کے 11 سو ارب ڈالر کے واجبات ہیں جو یہ ادا نہیں کر رہے۔رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کے تحت میڈیا پر تلوار لٹکادی گئی ، ملک میں شفاف انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔