جعفر ایکسپریس معاملے پر جنہوں نے پرپیگنڈا کیا ان کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا، وفاقی وزیر عطا تارڑ

جعفر ایکسپریس معاملے پر جنہوں نے پرپیگنڈا کیا ان کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا، وفاقی وزیر عطا تارڑ

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جعفرایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کیساتھ منطقی انجام تک پہنچایا۔ بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی کا جعفر ایکسپریس معمالے پر بیانیہ ایک نظر آیا۔ جنہوں نے پراپیگنڈا کیا ان کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا اور سخت کارروائی ہوگی۔

وزیراعظم کے دورہ بلوچستان پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کے موقع پر عسکری قیادت، وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر بلوچستان موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بڑی پیشہ وارانہ مہارت کے تحت جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کیا، دنیا میں جہاں بھی ایسے شہریوں کو یرغمال بنایا جاتا ہے، ان میں سے نکالنا آسان نہیں ہوتا۔ ایسے آپریشنز کرنے میں کئی ممالک میں کئی کئی دن لگ جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس واقعے پر آج پوری قوم اشکبار اور غمزدہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بہت ہی مہارت سے آپریشن کیا گیا، خود کش حملہ آوروں کو بھی خود کو اڑانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی حکمت عملی کے بدولت ہم کسی بڑے نقصان سے بچ گئے۔ خدشے کا اظہار کیا جارہا تھا کہ کئی سو اموات ہوں گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔ بلوچستان میں جو بیانیہ بنایا جارہا ہے اس میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت پر کوئی شک و شبہ نہیں ہے، پہلے کلبھوشن پکڑا گیا، ہماری انٹیلیجنس ایجنسیوں نے ان کے بہت سے آپریشنز ناکام بنائے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کیا وجہ ہے کہ ایک ماہرنگ بلوچ نامی خاتون اٹھتی ہے، وہ جلسے بھی کرتی ہے اور اسے فنڈنگ بھی آرہی ہے۔ میں لاہور کا ایم این اے ہوتے ہوئے 4 دن سے زیادہ اپنا دھرنا قائم نہیں رکھ سکتا۔ کیا وجہ ہے کہ انہیں کھانا بھی مل جاتا ہے، ٹرانسپورٹ بھی آجاتی ہے۔ اتنی فنڈنگ آخر کہاں سے آرہی ہے؟۔ یہ روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ لوگوں کو جھوٹا بیانیہ پیش کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ یہ کامیاب ہو جائیں گے۔ یہ مٹھی بھر شرپسند عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ ریاستِ پاکستان کا فیصلہ ہے کہ ان کا سر کچلیں گے اور انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے آج کہا کہ اے پی سی بلانی چاہئے۔ یہ پاکستان کی سلامتی کا معاملہ ہے اس میں تحریک انصاف کو بھی شرکت کرنی چاہئے۔ آپ نے دیکھا کہ انڈین میڈیا پاکستان کیخلاف کل سے پراپگینڈا کر رہا تھا، بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور تحریک انصاف کل سے ایک زبان بول رہے تھے۔ پی ٹی آئی میں سنجیدہ لوگ بھی ہیں۔ تاہم ان کی اکثریت اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتی رہی، ملکی سلامتی کے معاملے پر اپنی سیاست چمکانا سمجھ سے باہر ہے۔ ہم سب کو جو عزت، مقام اور نام ملا یہ سب کچھ پاکستان کی مرہون منت ہے۔ پاکستان نے ہمیں شناخت دی ہے، مقام دیا ہے۔ یہ لوگ یہ بات نہیں سمجھتے۔ پی ٹی آئی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، انہیں چاہئے کہ یہ پراپیگنڈا نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کا بخار بہت حد تک اُتر چکا ہے، پراپیگنڈا مشینری کم ہوئی ہے۔ بیرونی فنڈنگ لے کر پاکستان کیخلاف بولنے والے ریاست مخالف پی ٹی آئی وی لاگرز اب نظر اس طرح نہیں آتے۔ آج بھی باہر بیٹھے ایک وی لاگر نے کوئی بات کی تو سارے اینکرز اکٹھے ہوگئے اور اسے ملامت کیا کہ خبردار پاکستان کیخلاف کوئی بات کی۔ ریاست مخالف بیانیے میں بہت حد تک کمی آئی ہے، ان کا جو سودا بِک رہا تھا وہ اب نہیں بکتا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے جعفر ایکسپریس معاملے پر ریاست مخالف پرپیگنڈا کیا ان کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا اور وہ بچ نہیں سکیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *